خواب میں خط دیکھنا

خواب میں خط دیکھنا

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ اس کے پاس سر بستہ نامہ ہے۔ دلیل ہے کہ کوئی پوشیدہ بات سنے گا۔ اور اگر نامہ کشادہ ہے تو دلیل ہے کہ ظاہر بات سنے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کے خط پر مہر لگی ہوئی ہے۔ دلیل ہے کہ اس کا مہر نامہ خیر سے پہنچے گا۔
حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ کسی نے اس کو چٹھی دی ہے اور اس کا سرنامہ پڑھا ہے دلیل ہے کہ اس کو کسی سے خیر پہنچے گی۔ اور اگر اس خط کا عنوان نہیں ہے تو غم و اندوہ پر دلیل ہے۔ اور اگر دیکھے کہ اس کا عنوان لکھا ہوا ہے اور اس پر مہر لگی ہوئی ہے اور کسی نے کھولی نہیں ہے۔ دلیل ہے کہ ایسا کام کرے گا جس کا ظاہر نیک ہو گا اور باطن میں غم و اندوہ ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ چٹھی کی مہر اتار کر پڑھی ہے۔ دلیل ہے کہ اس کی عزت اور مرتبہ زیادہ ہو گا۔ اور اگر صاحب خواب پڑھا ہوا ہے اور خواب میں دیکھے کہ اس نے خط پڑھا ہے۔ دلیل ہے کہ اس کا مرتبہ اور عزت زیادہ ہو گی اور بعض اہل تعبیر نے بیان کیا ہے کہ اس کی موت قریب ہے۔فرمان حق تعالیٰ ہے:۔ اقرا کتابک کفی بنفسک الیوم علیک حسیبا (اپنی کتاب پڑھ آج کے دن تو ہی اپنا حساب لینے کے لئے کافی ہے) 
حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ اس کو کسی بادشاہ کا خط ملا ہے۔ اگر کھولا اور پڑھا نہیں ہے تو غم و اندوہ پر دلیل ہے۔ اور اگر کھولا اور پڑھا ہے اور اس میں کوئی بشارت لکھی ہے۔ تو شادی اور خوشی اور منفعت پر دلیل ہے اور اگر اس میں بری باتیں لکھی ہیں تو ناخوش اور ترعیش اور ہلاکت پر دلیل ہے۔ اور اگر دیکھے کہ خط مہر کے ساتھ پایا ہے بادشادہ کو دیا ہے تو خیرو منفعت پر دلیل ہے۔ 
حضرت اسماعیل اشعت رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ اس کے ہاتھ میں آسمان سے خط آیا ہے۔ تو خیر اورامیدواری پر دلیل ہے اور اس کے کام پورے ہوں گے اور ہر ایک مراد پوری ہو گی۔ اور اگر دیکھے کہ اس پر ناخوش باتیں لکھی ہوئی ہیں دلیل ہے کہ اس کے کام پورے نہ ہوں گے۔