خواب میں اندھا ہونا

خواب میں اندھا ہونے کی تعبیر

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ وہ اندھا ہوا ہے۔ دلیل ہے کہ دین و اسلام سے گمراہ ہو گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کی ایک آنکھ اندھی ہوئی ہے۔ دلیل ہے کہ اس کا نصف دین گیا ہے یا کوئی بڑا گناہ کیا ہے اور اس کے اعضا سے کسی پر مصیبت آئے گی۔
حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ اندھی کا ہاتھ پکڑ کر لے گیا ہے۔ دلیل ہے کہ گمراہ ہو گیا ہے۔ حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ نابینا ہوا ہے۔ دلیل ہے کہ اچھے کام اپنے ہاتھ سے کرے گا۔اور اگر دیکھے کہ اس نے کسی کی ایک آنکھ اندھی کی ہے۔ دلیل ہے کہ اس کو راہ دین سے دور کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے چوپائے کو اندھا کیا ہے۔ تو اس شخص پر دلیل ہے جو اس چوپائے کی طرف منسوب ہے اس کو ضرر اور تکلیف پہنچائے گا۔ حضرت جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ خواب میں نا بینائی سات وجہ پر ہے: (1) درویشی (2) بد حالی (3) غم و اندوہ (4) نقصان جسم (5) مصیبت (6) نقصان مال (7) دین کی تباہی۔
فرمان حق تعالیٰ ہے:۔ صم بکم عمی فھم لا یر جعون (بہرے گونگے، اندھے ہیں جو رجوع نہیں کرتے) اگر نابینا خواب میں دیکھے کہ بینا ہوا ہے۔ دلیل ہے کہ دنیا کے کام اس پر کشادہ ہوں گے اور نا امیدی سے امیدوار ہو گا اور حق تعالیٰ کی رحمت سے نصیب پائے گا۔ فرمان حق تعالیٰ ہے:۔ لا تقنطو من رحمۃ اللہ ان اللہ یغفر الذنوب جمیعا ( اللہ تعالیٰ کی رحمت سے نا امید نہ ہونا۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ سب گناہوں کو بخشے گا۔)