خواب میں چوہا دیکھنا

خواب میں چوہا دیکھنے کی تعبیر

حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں چوہا عورت ہے جو ظاہر میں پارسا اور باطن میں بدکار ہے اور اگر دیکھے کہ اس نے چوہے کو پکڑا ہے یا اس کو کسی نے دیا ہے۔ دلیل ہے کہ مذکورہ بالا صفت کی عورت کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے چوہے کو طبلے میں پکڑا ہے۔ دلیل ہے کہ مکرو حیلہ سے عورت کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کے گھر میں بہت سے چوہے جمع ہوئے ہیں اور سب ایک ہی طرح کے ہیں۔ دلیل ہے کہ ان چوہوں کے مطابق عورتیں اس کے گھر میں جمع ہوں گی۔ اور اگر دیکھے کہ مختلف طرح کے چوہے ہیں چنانچہ بعض سیاہ اور سفید ہیں۔ دلیل ہے کہ اس کی تاویل کا خلاف رات اور دن کا ہے۔ حدیث شریف میں ہے آنحضرت ﷺ نے فرمایا ہے کہ رات اور دن دو چوہے ہیں جو لوگوں کی عمروں کو کترتے ہیں۔ 
حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ اس کے سوراخ ناک سے یا عضو تناسل سے چوہا نکلا ہے دلیل ہے کہ اس کے نابکار لڑکی پیدا ہو گی۔
حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ اس کے گھر میں جنگلی چوہے آئے ہیں۔ دلیل ہے کہ اس جگہ نابکار عورتیں جمع ہوں گی۔ اور خواب میں چوہوں کی تاویل مال اور فسادی کا سامان ہے اور کانگی اور جنگلی چوہا خواب میں تاویل کے لحاظ سے مساوی ہے۔
حضرت اسماعیل اشعت رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے۔ اگر دیکھے کہ اس نے چوہا پکڑا ہے اور اس کی دم نہیں ہے۔ دلیل ہے کہ بے اصل عورت کرے گا اور اگر دیکھے کہ چوہا اس کے ہاتھ میں مرا ہے۔ دلیل ہے کہ اس پر مصیبت آئے گی۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے چوہا پاؤں سے ملا ہے۔ دلیل ہے کہ بدکار عورت کر کے چھوڑ دے گا اوراگر دیکھے کہ چوہے پر پتھر پھینکا ہے۔ دلیل ہے کہ کسی کو تہمت لگائے گا اور اگر دیکھے کہ بستر میں چوہا ہے۔ دلیل ہے کہ کسی بدکار عورت سے فساد کا ارادہ کرے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس نے چوہے کو کھایا ہے۔ دلیل ہے کہ نابکار عورت کا مال کھائے گا۔